احمد آباد: یکم ڈسمبر(ایس او نیوز /آئی این ایس انڈیا)
تجارت کو فروغ دینے کی حکومت کی کوششوں کے باوجود ہندوستانی یونیورسٹیوں میں اس موضوع پر پی ایچ ڈی کے لیے ریسرچ کرنے والوں کی تعداد بہت کم ہے اور گزشتہ 16سالوں میں سوشل سائنس کے مطالعہ میں جہاں 20271لوگوں نے پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کی ہے، وہیں انٹرپرینیورشپ کے موضوع پر صرف 177لوگوں نے یہ ڈگری حاصل کی ہے۔ملک کی 740تسلیم شدہ یونیورسٹی میں کئے گئے ایک مطالعے کے مطابق انٹرپرینیور شپ میں صرف 66یونیورسٹیوں نے پی ایچ ڈی کی ڈگری تفویض کی ہے۔مطالعہ سے یہ بھی پتہ چلا ہے کہ ریسرچ کے لحاظ سے ’خواتین انٹرپرینیور شپ‘سب سے پسندیدہ موضوع ہے۔یہ مطالعہ گاندھی نگر میں واقع اینٹرپرینرشپ ڈیولپمنٹ انسٹی ٹیوٹ آف انڈیا(ای ڈی آئی آئی)کی ایک فیکلٹی ممبر کویتا سکسینہ نے کیا ہے۔انٹرپرینیورشپ میں 177پی ایچ ڈی کرنے والوں میں سے 104مرد ریسرچ اسکالر ہیں جبکہ 73خواتین ریسرچ اسکالر ہیں،ان میں سے 167لوگوں نے انگریزی زبان میں جبکہ باقی 10لوگوں نے ہندی زبان میں پی ایچ ڈی کی ہے۔ریاستوں کے حساب سے اس مدت میں مہاراشٹر کی یونیورسٹیوں نے اس موضوع پر سب سے زیادہ 25لوگوں کو پی ایچ ڈی کی ڈگری تفویض کی ہے، اس کے بعد کرناٹک نے 18، مدھیہ پردیش نے 15اور آندھرا پردیش اور تلنگانہ نے 12-12ڈگری فراہم کی۔اس مطالعہ کا مقصد 16سالوں میں سوشل سائنس کے مقابلے میں انٹرپرینیورشپ کے میدان میں تحقیق کی ترقی کی نشاندہی کے لیے انٹرپرینیورشپ ریسرچ کی نوعیت اور سمت کے بارے میں معلومات حاصل کرنی تھی۔کویتا سکسینہ نے بتایاکہ خواتین انٹرپرینیور شپ تحقیق کے لیے سب سے زیادہ پسندیدہ میدان بنا ہوا ہے۔